سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بنوں میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے انتہائی مطلوب رنگ لیڈر سمیت دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ایران کا امریکا سے نئے مذاکرات سے انکار، موجودہ حالات میں بات چیت ناممکن قرار
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں دونوں دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خوارجی رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے۔ وحید اللہ متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث اور انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں پر حملوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ وہ 21 فروری 2026 کے بنوں خودکش حملے کا مرکزی سہولتکار تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے ذریعے ایک بڑے دہشتگرد نیٹ ورک کے مرکزی کردار کو انجام تک پہنچا دیا گیا، جبکہ ممکنہ خطرے کو بھی بروقت ناکام بنایا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
