وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے سلسلے میں انطالیہ پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انطالیہ ایئرپورٹ پر ہلوسی شاہین نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا، جبکہ اس موقع پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔
کراچی میں کمرشل پلاٹس کا اسٹیٹس تبدیل — اہم سرکاری انکشاف
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پانچویں Antalya Diplomacy Forum میں شرکت کریں گے، جو عالمی سطح پر سفارت کاری اور بین الاقوامی امور پر اہم پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔ فورم میں دنیا بھر سے رہنما، سفارتکار اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔
فورم کے دوران وزیراعظم شہباز شریف "لیڈرز پینل” میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جہاں وہ خطے کی صورتحال، عالمی امن، اقتصادی تعاون اور سفارتی تعلقات پر پاکستان کی پالیسیوں کو اجاگر کریں گے۔
دورۂ ترکیہ کے موقع پر وزیراعظم کی رجب طیب ایردوان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعلقات کے فروغ، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی شامل ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی فعال سفارت کاری کا حصہ ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنا اور مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
