اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور جاری سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امریکی حکام اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شریک تھے جبکہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور تمام فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوسکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں جاری جنگ بندی کی صورتحال، علاقائی کشیدگی میں کمی اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
