کراچی (اسٹاف رپورٹر) – آئی جی پولیس سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ویسٹ زون کی ہدایات کے تحت ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے موسلا دھار بارشوں سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں آج صبح ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں قائم رین ایمرجنسی کیمپ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ایس ایس پی نے ٹاؤن میونسپل اسٹاف، ٹریفک پولیس اہلکاروں اور ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے دیگر عملے سے ملاقات کی اور بارش کے دوران عوام الناس کی مدد اور رہنمائی کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر عمران خان نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی اپنی ذمہ داریوں پر موجود رہیں، اسکول جانے والے بچوں کی ٹریفک کے انتظامات کو خصوصی توجہ دی جائے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی، ٹریفک ڈائیورژن اور شہریوں کی ہر ممکن مدد کو ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حکومتی اور پولیس اقدامات کے دوران مکمل تعاون کریں۔

