موٹروے پولیس کی کارروائیاں، 53 لاکھ سے زائد کرایہ مسافروں کو واپس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کے خلاف جاری مہم کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے مسافروں سے وصول کی گئی 53 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس دلوا دی۔

آئی جی سندھ کا شہداء پولیس کے گھروں کا دورہ، عیدی اور تحائف

ترجمان کے مطابق یہ خصوصی مہم انسپکٹر جنرل سلطان احمد چوہدری کی ہدایات پر 15 مارچ سے ملک بھر میں جاری ہے، جس کا مقصد مسافروں کو ریلیف فراہم کرنا اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بدعنوانی کا خاتمہ ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق زائد کرایہ، اوورلوڈنگ اور نامکمل سفری دستاویزات کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک 21 ہزار سے زائد چالان کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 12 مارچ سے اب تک 32 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے جا چکے ہیں۔

حکام کے مطابق کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر نئی حدِ رفتار پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ موٹروے پولیس کے افسران ملک بھر کے ٹول پلازوں پر شہریوں کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست موٹروے پولیس افسران، ہیلپ لائن 130 یا سوشل میڈیا ہینڈل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

موٹروے پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مسافروں کے حقوق کا تحفظ اور محفوظ سفر کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!