کراچی میں طوفانی بارشیں، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، شہریوں کے لیے حفاظتی ہدایات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – سندھ کے مختلف علاقوں میں جاری طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 (سندھ) کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام عملے کو فوری کارروائی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔ مشیرِ وزیر اعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند اسرانی کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کا عملہ ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور فیلڈ میں موجود ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری اور بروقت جواب دیا جا سکے۔

کراچی میں مون سون کی بارشوں کے پیشِ نظر SBCA نے ’رین ایمرجنسی‘ نافذ کر دی

مشیرِ وزیر اعلیٰ سندھ گیانچند اسرانی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں اور پانی میں ڈوبے برقی آلات سے ہرگز قریب نہ جائیں۔ شہری گاڑی چلاتے وقت محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی جمع ہونے والے راستوں پر گاڑی چلانے سے اجتناب کریں۔

گیانچند اسرانی نے مزید کہا کہ گھروں کی نکاسیٔ آب کو یقینی بنائیں اور چھتوں یا کمزور ڈھانچوں کے قریب کھڑے ہونے سے بچیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی کی جا سکے۔

ڈی جی ریسکیو 1122 (سندھ) نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران پیش آنے والے حادثات میں ٹیمیں بروقت رسپانس کر رہی ہیں اور ممکنہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے ہر وقت الرٹ ہیں۔

ریسکیو 1122 کے عملے نے ہدایت کی ہے کہ شہری اپنی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ ریسکیو ٹیمیں تمام ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!