کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

کراچی: شہر قائد کراچی میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ مختلف علاقوں میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔

امریکی طیارہ بردار جہاز جیرالڈ فورڈ مشن چھوڑ کر واپس روانہ

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت شمال مشرق کی سمت سے تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، جبکہ گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بھی آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن میں چترال، سوات، دیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، جبکہ پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت اور گرد و نواح میں آئندہ 4 سے 6 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر میانوالی، گوجرہ اور دیگر شہروں میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ سرگودھا میں بارش کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

One thought on “کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!