تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ امریکہ کی ریاست فلوریڈا سے اپنے پہلے سفر پر روانہ ہوا ہے، لیکن 365 میٹر (1198 فٹ) لمبے اس بحری جہاز کے ماحول پر اثرات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ’آئیکون آف دی سیز‘ نامی جہاز رائل کیریبین گروپ کی ملکیت ہے اور پر 7600 مسافروں کو سوار کرنے کی گنجائش ہے۔ اپنے پہلے سفر پر یہ بحری جہاز کیریبیئن میں سات روزہ سفر پر جا رہا ہے۔ ماہرین ماحولیات نے متنبہ کیا ہے کہ ایل این جی سے چلنے والے اس جہاز سے فضا میں نقصان دہ میتھین گیس کا اخراج ہو گا۔ فن لینڈ کے شہر ترکو کے ایک شپ یارڈ میں تعمیر کیے گئے اس جہاز میں سات سوئمنگ پول اور چھ واٹر سلائیڈز ہیں۔ اس کی تعمیر پر 2 ارب ڈالر لاگت آئی جبکہ اس میں مہمانوں کی تواضع کے لیے 40 سے زیادہ ریستوران، بارز اور لاؤنج بھی ہیں۔
میتھین ایک طاقتور گرین ہاؤس گیس ہے جو 20 سالوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مقابلے میں 80 گنا زیادہ حدت پیدا کرتی ہے۔ عالمی حدت کی رفتار کو سست کرنے کے لیے اس گیس کے اخراج کو کم کرنے کو اہم سمجھا جاتا ہے۔رائل کیریبین کا کہنا ہے کہ آئیکون آف دی سیز جدید جہازوں کے لیے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کی حد سے 24 فیصد زیادہ توانائی کی بچت کرتا ہے۔ کمپنی 2035 تک نیٹ زیرو جہاز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کروز لائنز انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے مطابق کروز انڈسٹری سیاحت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے شعبوں میں سے ایک ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کروز انڈسٹری نے 2021 میں عالمی معیشت میں 75 ارب ڈالر کا حصہ ڈالا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی نے، جو اس وقت انٹر میامی کی جانب سے کھیلتے ہیں، جہاز کے نام رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔ انھیں خاص طور پر بنائے گئے سٹینڈ پر فٹ بال رکھتے ہوئے دیکھا گیا تاکہ جہاز کے کمان پر شیمپین کی بوتل توڑنے کی روایتی ’خوش قسمتی‘ کو متحرک کیا جا سکے۔ اس جہاز سے متعلق اہم حقائق
آئیکون آف دی سیز دنیا کا سب سے بڑا کروز جہاز ہے جس کا وزن 250800 ٹن ہے۔ اس کی لمبائی تقریبا 365 میٹر (1198 فٹ) ہے۔ یہ اپنے حجم میں ٹائٹینک سے پانچ گنا بڑا ہے اور اس جہاز کی تیاری پر رائل کیریبین انٹرنیشنل کو 1.79 ارب ڈالرکی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی تھی۔ رائل کیریبین کی ویب سائٹ کے مطابق مسافروں اور سیاحوں کے لیے اس جہاز کی ٹکٹ کی قیمت 1,723 ڈالر سے لے کر 2,639 ڈالر فی کس تک ہے۔ کروز اپنے پہلے سفر کے دوران امریکی جزائر ورجن میں سینٹ کٹس اینڈ نیویس اور شارلٹ امالی میں رُکے گا۔