کراچی میں ضلع ملیر پولیس نے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم تنصیبات پر نگرانی کا عمل تیز کردیا۔ ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق نے تھانہ ائیرپورٹ اور ملیر کینٹ کے اطراف قائم سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی دورہ کیا۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں پولیس کا جامع کومبنگ آپریشن، چار مشتبہ افراد حراست میں لے لیے گئے
دورے کے دوران ائیرپورٹ کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا، جبکہ اطراف میں قائم ناکہ بندی پوائنٹس اور چیکنگ مقامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایس ایس پی ملیر نے تعینات افسران و جوانوں کی کارکردگی، الرٹنس اور حفاظتی اقدامات کو چیک کیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملیر پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ ائیرپورٹ کے اطراف پولیس افسران و جوان، لیڈی پولیس، انٹیلیجنس اسٹاف اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
ایس ایس پی ملیر نے تھانہ ائیرپورٹ میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں مانیٹرنگ سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ عوامی تحفظ کے پیش نظر اہم مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر نصب کیمروں کی فعالیت کو بھی چیک کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق مربوط سیکیورٹی نیٹ ورک کے تحت مؤثر اور مسلسل نگرانی جاری ہے۔ ایس ایس پی ملیر نے جوانوں کو ہمہ وقت مستعد، الرٹ اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
