کراچی (19 فروری 2026) رمضان المبارک کے دوران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس نے متعدد خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ شہری ٹریفک سے متعلق کسی بھی شکایت یا فوری رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1915 فعال ہے، جس پر کال یا اطلاع دینے پر متعلقہ افسران بروقت کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ مزید برآں شہری FM 88.6 سنتے ہوئے تازہ ترین ٹریفک معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
کشمور–گھوٹکی پل: ایس ایس یو کمانڈوز کی تعیناتی کے بعد تعمیراتی سرگرمیاں بحال
نمازِ تراویح کے اوقات میں مساجد کے اطراف ٹریفک کی بہتر نگرانی کے لیے نفری کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ اگر کسی مسجد یا علاقے میں نفری کی کمی محسوس ہو تو ہیلپ لائن 1915 کے ذریعے فوری اطلاع دی جا سکتی ہے، جس پر اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ نمازیوں کو آمد و رفت میں کسی بھی قسم کی دشواری نہ ہو۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایات پر رمضان میں ڈیوٹی انجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کے لیے خصوصی افطاری کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے بروقت روزہ افطار کر سکیں۔ علاوہ ازیں، اہلکاروں کے لیے پِک اینڈ ڈراپ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے مقررہ ڈیوٹی پوائنٹس پر پہنچیں اور واپس آئیں، اور یکسوئی کے ساتھ خدمات سرانجام دے سکیں۔
کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ رمضان صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ تمام شہریوں کا سفر آسان اور محفوظ ہو۔
