بیلٹ پیپرزکی چھپائی کیلئے 270 ٹن خصوصی کاغذ استعمال ہوگا، 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے
تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
اسلام آباد 29, جنوری 2024ء ) آئندہ عام انتخابات کے لیے مختلف حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام شروع کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس وقت سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن ، پاکستان پوسٹل فائونڈیشن اور پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام 4 فروری تک مکمل ہونے کی توقع ہے، بیلٹ پیپرزکی چھپائی کے لیے 270 ٹن خصوصی کاغذ استعمال کیا جارہا ہے اور مجموعی طور پر 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے، پنجاب کے ضلع لودھراں اور وہاڑی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں کے بیلٹ پیپرز متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ارسال کر دیئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ اسکیم کی سمری جاری کر دی، عام انتخابات کے لیے ملک میں کل 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں مردوں کے 25 ہزار 320 اور خواتین کے 23 ہزار 950 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، ملک بھر میں 41 ہزار 405 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری سمری میں کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 50 ہزار 944 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، جن میں مردوں کے 14 ہزار 556 اور خواتین کے 14 ہزار 36 پولنگ اسٹیشن ہوں گے، پنجاب میں 22 ہزار 352 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، اسی طرح صوبہ سندھ میں 19 ہزار 6 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، جن میں مردوں کے 4 ہزار 439، خواتین کے 4 ہزار 308 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، صوبے میں 10 ہزار 259 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا سمری میں کہنا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 697 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، جن میں مردوں کے 4 ہزار 814، خواتین کے 4 ہزار 289 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، صوبے میں 6 ہزار 594 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، اس کے علاوہ بلوچستان میں 5 ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے، جن میں مردوں کے 1511 اور خواتین کے 1317 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے ، صوبے میں 2 ہزار 200 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے سمری میں کہا ہے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 76 ہزار 402 پولنگ بوتھ ہوں گے، جن میں مردوں کے 1 لاکھ 47 ہزار 560 اور خواتین کیلئے 1 لاکھ 27 ہزار 842 پولنگ بوتھ ہوں گے، پنجاب میں 1 لاکھ 49 ہزار 434، سندھ میں 65 ہزار5 پولنگ بوتھ ہوں گے، خیبر پختو نخوا میں 47 ہزار 81، بلوچستان میں 14 ہزار 882 پولنگ بوتھ ہوں گے۔
