کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں اصلاحاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید سسٹمز ایپلی کیشنز اینڈ پروڈکٹس اِن ڈیٹا پروسیسنگ (ایس اے پی) سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد کا المصطفیٰ ہسپتال کا دورہ، تھیلیسیمیا کے بچوں سے ملاقات، سالگرہ منائی
افتتاحی تقریب واٹر کارپوریشن کے مرکزی دفتر سوک سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں میئر کراچی کے ہمراہ سی ای او احمد علی صدیقی، سی او او انجینئر اسداللہ خان، سی ایف او عمار علی خان اور ڈی ایم ڈی ایچ آر سکندر علی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
میئر کراچی نے کہا کہ ایس اے پی سسٹم کے نفاذ سے ادارے کے مالی، انتظامی اور آپریشنل امور میں شفافیت اور بہتری آئے گی۔ جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت ریکارڈ کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ممکن ہوگی، جس سے فیصلوں میں تیزی اور درستگی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم کے ذریعے بلنگ، ریکوری اور اخراجات کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن ہوگی، جس سے مالی نظم و نسق مضبوط ہوگا اور وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کی بدولت واٹر کارپوریشن کی خدمات کی مؤثر نگرانی بھی کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو بہتر اور معیاری سہولیات فراہم ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے بغیر اداروں میں بہتری ممکن نہیں، اسی لیے واٹر کارپوریشن کو جدید آئی ٹی نظام سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق ایس اے پی سسٹم کا نفاذ ادارے کی مجموعی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے مثبت نتائج جلد نظر آئیں گے۔

