کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ اس سال کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) شہر میں 46 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرے گی۔
میئر نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہے اور چند ہفتوں میں پانی کی فراہمی کے لیے کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اولڈ سٹی ایریا میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ پانی چوری کے معاملات کے لیے اسپیشل کورٹ بنایا جائے گا اور چوری میں ملوث پرائیویٹ اور سرکاری افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سیاسی معاملات پر تبصرہ کرتے ہوئے میئر کراچی نے پاکستان تحریک انصاف اور سہیل آفریدی کو طنز کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر وہ سیاست کرنے آئے ہیں تو ہم حاضر ہیں، لیکن اگر پروپیگنڈا یا معاملات کو مفلوج کرنے کے لیے آئے ہیں تو یہ غلط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باغ جناح میں جلسہ بھرنا آسان نہیں، سندھ حکومت اگر چاہے تو بندے فراہم کرے، لیکن ہم اپنے جیالوں کو کہیں گے کہ چھوٹے گراؤنڈ میں جلسہ کریں۔
میئر نے واضح کیا کہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے اڈیالہ، لاہور اور کراچی دستیاب ہیں، لیکن خیبرپختونخوا میں کیوں نہیں کی جاتی، اور سڑکیں بلاک کرنے یا کرکٹ کھیلنے والوں کو ہٹانے میں ہم کبھی حصہ نہیں لیں گے۔
