کراچی(تشکُّر نیور) پاکستان رینجرز (سندھ)اورپ ولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پاک کالونی سے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، منشیات فروشی اور پولیس مقابلوں میں ملوث ملزم حسین عرف چھلو کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار بلال عرف پپو گروپ سے ہے۔ملزم کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے 2016 میں لیاری گینگ وار میں شمولیت اختیار کی اور علاقہ کمانڈر رہا۔ 2016 میں ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پرانا گولیمار کے علاقے میں 3افراد (ثاقب، عاشق اور زاہد) کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ ملزم ماضی میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ایران روپوش ہو گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ 2019میں پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے پرانا گولیمار میں چھاپہ مارا اسی دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار سپاہی فاروق شہید ہوا۔ اس کاروائی میں ملزم کے ہمراہ دیگر ملزمان ماما یعقوب، جہانگیر، شہر یار عرف شیریل اور شیراز شامل تھے۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزم کوبمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور بارودی مواد مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
*ترجمان سندھ رینجرز*