ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی کا ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ خود ایم کیو ایم ہے۔
ڈیفنس پولیس کی کامیاب کارروائی اسٹریٹ کرائم میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے تین دہائیوں تک شہر پر حکومت کی، آج وہی اس کی بدحالی پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے، لوٹ مار کی نہیں۔
ڈپٹی میئر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو چاہیے کہ ماضی میں کی گئی کرپشن، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ پر قوم سے معافی مانگے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہر کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دور میں کراچی کو لسانیت، بدمعاشی اور خوف کی سیاست کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ آج پیپلز پارٹی کے دور میں امن، ترقی اور روشنی لوٹ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ کل تباہی کے ذمہ دار تھے، آج خود کو مسیحا ظاہر کر رہے ہیں، مگر شہری باشعور ہیں اور جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست الزامات سے نہیں، عوامی خدمت سے کی جاتی ہے، اور پیپلز پارٹی نے یہ بات عملی طور پر ثابت کی ہے۔
ڈپٹی میئر کراچی نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم الزام تراشی چھوڑ کر شہر کی بہتری کے سفر میں رکاوٹ ڈالنا بند کرے۔
