افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام پاک فوج نے 4 خودکش بمباروں سمیت 25 خوارج ہلاک کردیے

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جن میں چار خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔
شمالی وزیرستان اور کرم میں پاک فوج کی بڑی کارروائی بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 25 دہشتگرد ہلاک

بیان کے مطابق یہ دراندازی کے واقعات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان اور افغانستان کے وفود ترکیے کے شہر استنبول میں مذاکرات میں مصروف ہیں، جس سے عبوری افغان حکومت کے دہشتگردی سے متعلق ارادوں پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان بارہا عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ اپنی سرحدی نگرانی مؤثر بنائے، دوحہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اور اپنی سرزمین کو دہشتگردوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

فوج کے ترجمان نے بتایا کہ 24 اور 25 اکتوبر کو خوارج کے دو بڑے گروہوں نے پاک افغان سرحد عبور کرنے کی کوشش کی۔ اسپن وام اور کرم کے علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار خودکش حملہ آوروں سمیت 25 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ پاک فوج کے پانچ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق، کسی بھی بھارتی پراکسی خوارج کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہیں گے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب، پاکستان اور طالبان رجیم کے وفود کے درمیان استنبول میں مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے، جس کی میزبانی ترک انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پاکستانی وفد نے اپنی تجاویز گزشتہ روز پیش کیں، جن پر طالبان وفد نے 26 اکتوبر کی رات جواب دیا، جبکہ پاکستانی وفد نے آج صبح 6 بجے اپنا مؤقف جمع کرایا۔

واضح رہے کہ قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور دوحہ میں ہوا تھا، جس کے نتیجے میں عارضی جنگ بندی عمل میں آئی تھی۔

تاہم، پاک افغان کشیدگی کے باعث چمن، خیبر، شمالی و جنوبی وزیرستان اور کرم کے سرحدی راستے تاحال بند ہیں، اور بابِ دوستی، طورخم، خرلاچی، انگور اڈہ اور غلام خان پر سینکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

61 / 100 SEO Score

One thought on “افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام پاک فوج نے 4 خودکش بمباروں سمیت 25 خوارج ہلاک کردیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!