صوبائی دارالحکومت کے علاقے ماڈل ٹاؤن حالی روڈ پر واقع فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں نے سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا۔ دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی مگر ایف سی اہلکاروں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے نتیجے میں تمام 6 دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا گیا۔
Tuesday, 30th September 2025
وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کے مطابق دھماکے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال، بی ایم سی اسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ ان میں سے 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے فائرنگ بھی کی۔ دھماکے کی فوٹیجز میں علاقے سے بلند ہوتے دھوئیں کے بادل صاف دیکھے گئے۔
سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن کے مطابق دھماکے کے بعد صوبے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹرز، نرسز و پیرامیڈیکل عملے کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ناکام بنانے پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک انجام دیں گے، دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔”
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے کہا کہ "دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔”
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ایف سی اہلکاروں کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ "بہادر جوانوں نے خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا کر قوم کو بڑی تباہی سے بچایا، ہمیں اپنے جوانوں پر ناز ہے۔”
