نیویارک (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 5 روزہ دورے پر نیویارک پہنچ گئے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اہم خطاب کریں گے، جس میں وہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز بلند کریں گے۔ اپنے خطاب میں وہ علاقائی سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی اظہارِ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی متعدد اہم عالمی رہنماؤں اور دوست ممالک کے سربراہان سے سائیڈ لائن ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وزیراعظم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اسلامی ممالک کے منتخب رہنماؤں کی ملاقات میں بھی شریک ہوں گے۔
