راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے تین اضلاع شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں 9 اور 10 ستمبر کو انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز میں بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 19 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مہمند کے علاقے گلونو میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ہونے والے آپریشن میں 4 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جبکہ بنوں میں ایک دہشت گرد بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں ملک دشمن سرگرمیوں اور دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز بھی شروع کر دیے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز پاکستان کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
