کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں دوبارہ تیز بارشوں کی پیشگوئی کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہر بھر کی پولیس کو ہنگامی اقدامات کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی سے کے یو جے وفد کی ملاقات، صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان
انہوں نے تمام ضلعی ایس ایس پیز اور ایس پیز ٹریفک کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے، شہریوں کی مدد کے لیے تھانہ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو حساس مقامات پر تعینات کرنے اور ضرورت پڑنے پر گاڑیوں کو نشیبی علاقوں میں جانے سے روک کر متبادل محفوظ راستوں پر بھیجنے کی ہدایت دی۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ سابقہ بارش کے دوران جہاں جہاں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا، وہاں خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ پانی کی فوری نکاسی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
زونل ڈی آئی جیز اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان اقدامات کی بذاتِ خود نگرانی کریں اور ہنگامی صورتِ حال پر بروقت کارروائی عمل میں لائیں۔

