کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کی رکن اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور رومہ مشتاق مٹو نے آج شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی، بجلی کی بندش اور آمدورفت میں درپیش مشکلات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔
ہمیشہ کی طرح پاک فوج عوام کی خدمت میں پیش پیش، بارش سے متاثرہ شہریوں کی مدد جاری
رومہ مشتاق مٹو نے کہا کہ بارش اللہ کی رحمت ہے، لیکن اس کے نتیجے میں عوام کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان کے حل کے لیے حکومت، نمائندے اور کارکن عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اپنے رضاکاروں کو ہدایت دی کہ کسی متاثرہ خاندان کو تنہا محسوس نہ ہونے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور میئر کراچی الرٹ ہیں اور متعلقہ ادارے فیلڈ میں دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم ہو۔ عوام کی خدمت اور ان کے دکھ درد میں ساتھ دینا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔
رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ وہ خود متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں گی اور شہریوں کی ہر ممکن مدد کو اپنی ذمے داری سمجھتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کراچی کے شہریوں کو محفوظ رکھے اور ان کی مشکلات آسان فرمائے۔

