کراچی (اسٹاف رپورٹر) روسی قونصل جنرل آندرے ویکٹوریچ فیڈروف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے اہم نکات پر پیش رفت جاری ہے اور حتمی فیصلہ آنے پر خود آگاہ کریں گے۔
کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں معصوم بچوں کا قتل کر رہا ہے اور ایک دن اسے اپنے ان مظالم کا جواب دینا پڑے گا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور دیگر عہدیداران نے روسی قونصل جنرل کا استقبال کیا، جبکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہونے والے روسی صحافیوں کی تصاویر کی نمائش بھی ہوئی۔
قونصل جنرل نے کہا کہ صحافی معاشرے کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ کئی روسی صحافیوں نے سچ کی راہ میں اپنی جانیں قربان کیں، روس ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گا۔ انہوں نے جاں بحق صحافیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
مزید کہا کہ روس میں پاکستانی طلبہ کو بڑی تعداد میں اسکالرشپ دی جا رہی ہیں اور پاکستان میں روسی زبان کی تعلیم کے فروغ پر بھی کام ہو رہا ہے۔ فلم سازی کے حوالے سے پاکستان بہترین ملک ہے اور اکتوبر میں روسی وفد پاکستان آکر ایک ڈاکیومنٹری فلمائے گا، جس سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔
افغانستان کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ طالبان ایک حقیقت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
قبل ازیں قونصل جنرل نے کراچی پریس کلب کے عہدیداران اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی، اس موقع پر انہیں اجرک اور شیلڈ پیش کی گئی۔

