یومِ آزادی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا عزم: آزادی و خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے

یومِ آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خصوصی پیغام میں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی آزادی اور خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم برصغیر کے مسلمانوں اور اپنے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

یومِ آزادی اور معرکۂ حق کے جشن پر عوامی جوش و جذبہ عروج پر، نوجوانوں کا پاکستان کی ترقی کا عزم

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان عالمِ اسلام کا مضبوط اور ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے، جو بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی اقلیتیں بھی ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے جانی و مالی طور پر بھاری قیمت ادا کی۔ پہلگام کے افسوسناک سانحے پر پاکستان نے نہ صرف مذمت کی بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ فیلڈ مارشل نے بتایا کہ آپریشن بنیان مرصوص افواجِ پاکستان کی بہادری اور ولولے کی تاریخ ساز مثال ہے، جو بھارتی جارحیت کے جواب میں قوم کی حمایت سے کیا گیا۔

عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر لیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن و ترقی کے خواہاں ہیں لیکن ملکی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینا ہی مسئلے کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل ہے۔ اسی طرح پاکستان فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری سے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔

آخر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکۂ حق اور جدوجہدِ آزادی کے شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، اور وطن کی سرحدوں کی حفاظت اور پاکستان کے استحکام و ترقی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

62 / 100 SEO Score

One thought on “یومِ آزادی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا عزم: آزادی و خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!