اسلام آباد — دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا۔ اس سال کے ڈیزائن میں سبز ہلالی پرچم کو نیلے آسمان پر لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ پس منظر میں سفید بادلوں کے درمیان "Google” لکھا ہوا ہے۔
گوگل کی روایت ہے کہ وہ دنیا بھر کے اہم مواقع، تہواروں، تاریخی ایونٹس اور نمایاں شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اپنے ڈوڈل میں خصوصی تبدیلی کرتا ہے۔
پاکستان کے حوالے سے گوگل کا یہ سلسلہ 2011 میں شروع ہوا، جب پہلی بار یومِ آزادی کے موقع پر چاند، ستارے اور مینارِ پاکستان سے مزین سبز رنگ کا ڈوڈل متعارف کرایا گیا تھا۔ تب سے ہر سال 14 اگست کو پاکستان کے لیے منفرد ڈوڈل ڈیزائن کیا جاتا ہے۔