اسلام آباد — وطنِ عزیز پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی تقریبات آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہیں، اس سال کا جشنِ آزادی حالیہ "معرکہ حق” میں عظیم فتح کے نام کر دیا گیا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ توپوں کی سلامی کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ فضا نعرہ تکبیر "اللہ اکبر” اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اختتامی دعا میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نمازِ فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں بھی یکجہتی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
شہر شہر اور گلی گلی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں نہا گئی، جبکہ کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اسلام آباد میں بھی یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ملک بھر میں جشنِ آزادی کا آغاز رات 12 بجتے ہی شاندار آتشبازی سے ہوا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور سمیت تمام بڑے شہروں کے آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھے، شہری بڑی تعداد میں سڑکوں اور تفریحی مقامات پر اس دلکش منظر کو دیکھنے پہنچے۔
پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر مختلف ممالک کے سفارتخانوں اور سفراء نے بھی تہنیتی پیغامات بھیجے اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔
