راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف سے ملاقات میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور اسے خطے میں پائیدار امن کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔
Wednesday, 13th August 2025
ملاقات کے دوران کرنل جنرل کریم ولیئیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور "معرکۂ حق” میں حاصل کامیابیوں کو سراہا۔ آذربائیجانی وفد نے پاکستان کے یومِ آزادی اور جشنِ فتح کی تقریبات پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آذربائیجانی دستے کی پاکستان میں یومِ آزادی تقریبات میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
آذربائیجانی چیف آف جنرل اسٹاف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤثر کردار کی تعریف کی اور پاک۔آذربائیجان تعلقات کو دوطرفہ تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مثالی قرار دیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علییف کی جانب سے کرنل جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو عسکری تعاون میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں “پیٹریاٹک وار میڈل” پیش کیا۔
جی ایچ کیو میں ہونے والی اس تقریب میں پاک فوج کے دستے نے آذربائیجانی آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
