لاہور (کورٹ رپورٹر) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے دو اہم مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو دونوں کیسز میں بری کردیا، جب کہ دیگر رہنماؤں اور کارکنان کو قید کی سزائیں سنائی گئیں۔
کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کے دوران جج نے سابق صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور سینیٹر اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔
عائشہ بھٹہ کو جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 10 سال قید کی سزا دی گئی، جبکہ عالیہ حمزہ ملک اور صنم جاوید کو اسی کیس میں 5، 5 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے مقدمے میں 12 ملزمان کو بری کردیا گیا جن میں سہیل خان، اویس، رفیع الدین، فرید خان، سلمان احمد، عبدالقادر، فیضان، طیب، سلطان، شاہد بیگ، ماجد علی اور بخت روان شامل ہیں۔ کیس میں ملزمہ فرخندہ سمیت 7 ملزمان مفرور ہیں جبکہ ایک ملزم غلام یوسف دورانِ ٹرائل وفات پاچکا ہے۔
یہ مقدمات 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر درج کیے گئے تھے۔
