حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) — پاکستان میں پہلی بار نوزائیدہ بچے کا پیدائش کے لمحے براہِ راست ڈیجیٹل اندراج کر دیا گیا۔ قاسم آباد حیدرآباد کے سرکاری اسپتال میں ننھے میسم عباس کی پیدائش کے ساتھ ہی اندراج کیا گیا۔ یہ سنگ میل سندھ میں سول رجسٹریشن اینڈ وائیٹل اسٹیٹِسٹکس (CRVS) منصوبے کے تحت حاصل کیا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کے مطابق صوبے کے 36 سرکاری اور 13 نجی اسپتالوں میں برتھ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ 2028 تک پیدائش و وفات کے 95 فیصد اندراج کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
CRVS منصوبہ جولائی 2025 میں UNFPA، محکمہ صحت، نادرا اور لوکل گورنمنٹ کے اشتراک سے شروع کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت سندھ بھر میں پیدائش کے اندراج کی تمام فیسیں ختم کر دی گئی ہیں تاکہ ہر بچے کو تعلیم اور صحت تک بروقت رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
آصف حیدر شاہ نے مزید کہا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر بچے کا بروقت اندراج ممکن ہو سکے۔