ژوب (نمائندہ خصوصی) — پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں پاک افغان سرحد کے قریب انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ نے اسرائیل کا غزہ پر قبضے کا منصوبہ مسترد کردیا، فولکر ترک کا شدید ردعمل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اہم کارروائی 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب اس وقت عمل میں لائی گئی جب سیکیورٹی اداروں کو سرحد پار سے بڑی تعداد میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتہ چلا۔ یہ دہشت گرد، جو خوارج کے نام سے جانے جاتے ہیں، افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے تحت ان دہشت گردوں کا راستہ روکا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور نتیجتاً 33 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ گئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے، جو کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کی نشاندہی کرتا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا ہر سطح پر بھرپور جواب دیا جائے گا اور ایسی تمام سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔
