نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کے چچازاد بھائی آصف قریشی کو دہلی میں معمولی کار پارکنگ تنازعے پر بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا۔ واقعے نے اہلِ خانہ، علاقہ مکینوں اور فلمی حلقوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔
کینیڈا میں کپل شرما کے کیفے پر دوبارہ فائرنگ، بشنوئی گینگ نے ذمہ داری قبول کرلی
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب آصف قریشی نے دو افراد کو ان کی موٹرسائیکل اپنے گھر کے دروازے سے دور کھڑا کرنے کا کہا۔ اس بات پر جھگڑا ہوا، اور تلخ کلامی کے بعد دونوں ملزمان انہیں دھمکاتے ہوئے چلے گئے، تاہم کچھ دیر بعد واپس آکر آصف قریشی پر تیز دھار چاقو سے حملہ کردیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
اہلیہ کے مطابق آصف کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ راستے ہی میں دم توڑ چکے تھے۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے دونوں ملزمان اجوال اور گوتام کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان مقتول کے گھر سے چند قدم کے فاصلے پر رہائش پذیر تھے۔
آصف قریشی کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ یہ محض جھگڑا نہیں تھا بلکہ سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت ان کے شوہر کو قتل کیا گیا۔
اداکارہ ہما قریشی کے والد سلیم قریشی نے اپنے بھتیجے کے قتل پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
