کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارت کا مبینہ "آپریشن مہادیو” دھوکہ، فریب اور جھوٹ پر مبنی ایک بے بنیاد دعویٰ ہے جس کی کوئی حیثیت نہیں۔ بھارت پاکستان سے اپنی عبرتناک شکست ہضم نہیں کر پا رہا اور اپنی خفت مٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جھوٹے آپریشن کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کا قتلِ عام کر رہا ہے، جبکہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے واضح شواہد دنیا کے سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو FATF کی بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے اور اس پر سخت معاشی و اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پاکستان کے "آپریشن بنیان مرصوص” نے بھارت کے جنگی جنون کو زمین بوس کر دیا ہے۔ پاکستان کی عوام متحد ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پہلگام واقعہ مودی حکومت اور آر ایس ایس کا گھڑا ہوا ڈرامہ تھا، جس نے بھارت کے جھوٹے اور منافق چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اب خود ہی جج، جیوری اور ایگزیکیوشنر بن چکا ہے اور اسے سفارتی محاذ پر بدترین ناکامیوں کا سامنا ہے۔ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے، اور اس کا جھوٹا پروپیگنڈا بری طرح ناکام ہو رہا ہے۔
سربراہ سنی تحریک نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام ملک کی سلامتی و دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار اور جہاد کے جذبے سے سرشار ہیں۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور ان کے تدارک کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
آخر میں شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی صلاحیتوں، بہادری اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور ہر محاذ پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
