کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد جنید غفار کی بیرون ملک روانگی کے باعث سندھ ہائی کورٹ کے سینیئر جج جسٹس ظفر احمد راجپوت نے بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی پروقار حلف برداری کی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس ظفر احمد راجپوت سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں سندھ ہائی کورٹ کے معزز ججز، بار عہدیداران، سینیئر وکلا سمیت وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، انیس قائم خانی اور فاروق ستار بھی شریک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق، جسٹس ظفر احمد راجپوت چیف جسٹس جنید غفار کی وطن واپسی تک قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
یہ تبدیلی آئینی و عدالتی ضابطوں کے تحت کی گئی ہے تاکہ عدالت عالیہ کے امور میں کوئی خلل نہ آئے اور عدالتی عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔
