کراچی: کے الیکٹرک کی جانب سے بن قاسم کلسٹر دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر مینٹیننس کا کام 29 جولائی بروز منگل کو انجام دیا جائے گا، جس کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، مینٹیننس کا کام صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا، جس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے مجموعی طور پر 9 گھنٹے کا شٹ ڈاؤن کیا جائے گا۔
اس شٹ ڈاؤن کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی، جس کے سبب شہر کو تقریباً 85 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شٹ ڈاؤن کے باعث لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم، ڈی ایچ اے، اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ شہر کو یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ مینٹیننس کے دوران یہ مقدار کم ہو کر 565 ملین گیلن تک رہ جائے گی۔
ترجمان کے مطابق، کے الیکٹرک کی جانب سے اس شٹ ڈاؤن کے لیے باقاعدہ درخواست ڈپٹی جنرل منیجر گرڈ سسٹم آپریشنز کی جانب سے دی گئی تھی۔
واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
