واشنگٹن/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک-امریکہ وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے ملاقات میں خطے میں قیامِ امن اور ایران سے مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
سوات کے بریکوٹ میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا کامیاب آپریشن، تین دہشتگرد ہلاک
ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی مکالمے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو اگست میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
ٹیمی بروس کے مطابق ملاقات میں دہشتگردی کے خاتمے اور داعش کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک دہشتگردی کے خلاف تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔
دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسداد دہشتگردی، معاشی تعاون، اور علاقائی استحکام جیسے اہم امور پر قریبی رابطے اور اشتراک جاری رکھا جائے گا۔
