لاہور (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں ملکی دفاع، سیکیورٹی، اور قومی اتحاد سے متعلق موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تھائی لینڈ نے کمبوڈیا سے متصل 8 سرحدی اضلاع میں مارشل لا نافذ کر دیا
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں بھارت کے نام نہاد "آپریشن سندور” کو ناکام بنانے اور پاک فوج کی شاندار فتح "معرکہء حق” (آپریشن بنیان مرصوص) کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خصوصاً اس آپریشن کے دوران نوجوانوں کے جذبے، شعور، اور حب الوطنی کو سراہا اور اسے قومی عزم کی علامت قرار دیا۔
اس موقع پر طلباء و طالبات نے سیکیورٹی، قومی بیانیے اور معاشرتی چیلنجز کے حوالے سے بھرپور سوالات کیے، جن کے جوابات ڈی جی آئی ایس پی آر نے کھلے دل سے دیے۔
نشست کے اختتام پر جی سی یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمہ پیش کرتے ہوئے پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جسے شرکاء نے دل سے سراہا۔ اس ملی نغمے نے قومی اتحاد اور یکجہتی کی خوبصورت عکاسی کی۔
طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نشستیں نوجوانوں میں شعور، اعتماد اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے سیشنز کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔

