کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور کسٹمز انفورسمنٹ نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری آپریشن کے تحت کراچی کے علاقے جوڑیا بازار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ اشیاء برآمد کر لی ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس میں جوڑیا بازار کے گوداموں میں چھپائی گئی اشیاء کو قبضے میں لیا گیا۔ برآمد شدہ سامان میں سگریٹ، گٹکا/ماوا، کتھا، سپاری، گلوکوز اور دیگر نان کسٹم پیڈ اشیاء شامل ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
غیر قانونی اشیاء کو 7 ٹرکوں کے ذریعے تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز کے مطابق اسمگلنگ کے خلاف آپریشن مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جرائم اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری اطلاع دیں۔ اطلاع دینے کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101، واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 یا قریبی چیک پوسٹ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اطلاع دینے والے افراد کا نام مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔
