لاہور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند اور ترقی یافتہ ملک ہے اور یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ قومی وحدت اور حب الوطنی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دشمن ہماری اس قومی یکجہتی کے باعث کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔
پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں ریسکیو مشن مکمل، 125 افراد کو بحفاظت منتقل کر لیا گیا
یہ بات انہوں نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوان طلباء و طالبات کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران کہی۔ شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص میں پاک فوج کی کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد قومی نصب العین، تاریخی شعور اور وطن سے محبت کے باعث متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کی قومی طاقت کا بنیادی ستون ہے، اور دشمن کو ہمیشہ ہماری قومی یکجہتی کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کی کنجی ہمارے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، انہیں چاہئے کہ وہ تعلیم، برداشت اور قومی جذبے کو اپنائیں تاکہ ملک کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
نشست کے دوران نوجوانوں نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص میں تاریخی کامیابی پر پاک افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک کے دفاع میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔
