غزہ میں بھوک سے فلسطینی مر رہے ہیں، اقوام متحدہ بے بس، مسلمانوں کے خلاف عالمی سازش جاری ہے: بلال سلیم قادری

کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے غزہ اور دیگر مسلم ممالک میں مسلمانوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں صرف مسلمانوں کو دہشتگرد کہا جا رہا ہے، جبکہ اصل دہشتگرد خود کو بے قصور ثابت کر کے مسلمانوں پر الزامات لگا رہے ہیں۔

اسرائیل عالمی دہشتگرد، اقوام متحدہ سہولت کار بن چکی ہے: محمد شاداب رضا نقشبندی

انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے خلاف ایک گہری عالمی سازش میں مصروف ہیں، جس کا مقصد مسلمانوں کو بدنام کرنا، کمزور کرنا اور ان کی آواز کو دبانا ہے۔ غزہ کی صورتحال انتہائی دردناک اور انسانیت سوز ہے، جہاں بھوک کی شدت سے معصوم بچے، بزرگ اور خواتین بے حال ہیں، لیکن اسرائیل امداد کی راہ میں رکاوٹ بن کر کھڑا ہے۔

بلال سلیم قادری نے کہا کہ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل نے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے، اور اکتوبر 2023ء سے اب تک غذائی قلت کے باعث 111 فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں سے صرف گزشتہ دنوں میں 10 مزید افراد کا انتقال ہوا۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام ادارے اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کے آگے بے بس ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کفار اپنے آپ کو مہذب کہتے ہیں، مگر مظلوموں پر ظلم کرنے والے مہذب نہیں ہو سکتے۔ اسرائیل نے فلسطینیوں کو ان کے ہی گھروں میں قید کر کے ان پر زندگی تنگ کر دی ہے، صرف مسلمان ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔

علامہ بلال سلیم قادری نے سوال کیا کہ آخر مسلم ممالک کے حکمران کب جاگیں گے؟ کب اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا؟

انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیر اور دیگر خطوں میں مظلوم مسلمانوں کے دل سے یہی صدا بلند ہو رہی ہے کہ ظلم کے خلاف کوئی تو بولے۔ ہم ان کے تمام سوالات کا جواب شاید نہ دے سکیں، مگر اتنا ضرور کہہ سکتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہی ان مظلوموں کا حقیقی مددگار ہے، اور ہم دعاگو ہیں کہ ظالموں کو ہدایت یا ہلاکت عطا ہو۔

63 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!