سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن، اقربا پروری اور غیر قانونی تعمیرات کا انکشاف – وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی چشم کشا رپورٹ منظر عام پر

کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے خلاف وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم (CMIT) کی تیار کردہ 45 صفحات پر مشتمل جامع رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے، جس میں ادارے کی کارکردگی، تقرریوں، غیر قانونی تعمیرات، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق سنگین انکشافات کیے گئے ہیں۔

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات، اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو

یہ رپورٹ چیف سیکریٹری سندھ کے توسط سے وزیراعلیٰ سندھ اور سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی، تاہم ابھی تک عدالت عظمیٰ کی جانب سے کوئی باضابطہ حکم نامہ موصول نہیں ہوا۔

رپورٹ میں 11 نکاتی سفارشات پیش کی گئی ہیں جن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کی تقرری سپریم کورٹ کے احکامات اور سلیکشن بورڈ کی شفاف سفارشات کی روشنی میں کی جائے۔ متعدد مرتبہ اشتہارات کے بغیر اور میرٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے تقرریاں کی گئیں، جس سے ادارے کی ساکھ متاثر ہوئی۔

معائنہ ٹیم نے الزام عائد کیا کہ ایس بی سی اے کی انتظامیہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی سے گریزاں رہی ہے، یہاں تک کہ عدالتی احکامات کے باوجود معمولی کارروائی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بعض افسران جنہیں ماضی میں معطل کیا گیا تھا اور جو انکوائریز کا سامنا کر رہے ہیں، انہیں دوبارہ اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ بھرتیوں کے دوران نہ تو تعلیمی قابلیت کو دیکھا گیا اور نہ ہی قانونی طریقہ کار کو اپنایا گیا۔ متعدد ملازمین کی تعیناتی بلاجواز اور بغیر کسی اہلیت کے کی گئی۔ ایسے افراد آج اہم پوزیشنوں پر فائز ہیں۔

معائنہ ٹیم نے زور دیا کہ ادارے کے احتساب کا مضبوط نظام قائم کیا جائے، ملازمین کے اثاثوں کی جانچ کی جائے، اور جو ملازمین اثاثے ظاہر نہ کریں ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ کئی ملازمین بیرونِ ملک دورے کرتے رہے لیکن مجاز اتھارٹی سے اجازت تک نہیں لی گئی، جس سے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے خدشات کو تقویت ملتی ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ادارہ مجموعی طور پر سمت سے عاری ہوچکا ہے، ملازمین کی پوسٹنگ، احتساب، اور داخلی نظم و نسق مکمل طور پر غیر فعال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ادارے میں شفافیت، کارکردگی پر مبنی تقرریاں اور سخت نگرانی کا مؤثر نظام نافذ کیا جائے۔

One thought on “سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن، اقربا پروری اور غیر قانونی تعمیرات کا انکشاف – وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی چشم کشا رپورٹ منظر عام پر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!