اسلام آباد: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مجموعی طور پر 73 لاکھ 34 ہزار روپے سے زائد مالیت کی 483.800 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، راولپنڈی کارگو آفس میں کراچی بھیجے جانے والے ایک پارسل سے 2 کلوگرام چرس اور 7 کلو مشکوک مواد برآمد کیا گیا۔ آر سی ڈی روڈ حب کے قریب دو مختلف کارروائیوں میں گاڑیوں سے بالترتیب 24 کلوگرام اور 64.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جن میں سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک اور کارروائی میں گاڑی کے خفیہ خانوں سے چرس برآمد ہونے پر ایک اور ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
ادھر کراچی کے علاقے آدم جی داؤد روڈ پر واقع ایک گودام سے 384 کلوگرام پوٹاشیم پرمینگینیٹ برآمد کی گئی، جو منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔ کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ حیدرآباد میں نیشنل ہائی وے پر ایک مسافر بس سے 2 کلوگرام افیون برآمد کرتے ہوئے ایک اور ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

