کراچی (اسٹاف رپورٹر): سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر کراچی میں پانی کے معیار کی جانچ کے لیے ایک جامع اور منظم واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ مہم جاری ہے۔ واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق یہ مہم عالمی بینک کے تعاون سے شروع کی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
مہم کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں سے 160 پانی کے نمونے حاصل کیے جائیں گے تاکہ پانی کے معیار کا تفصیلی تجزیہ ممکن بنایا جا سکے۔ یہ نمونے پمپنگ اسٹیشنز، فلٹریشن پلانٹس، اور کلورینیشن اسٹیشنز سے حاصل کیے جا رہے ہیں جہاں سے شہریوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
پانی کی جانچ کا عمل اعلیٰ سطحی افسران کی نگرانی میں مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن شہریوں کی صحت و فلاح کو اولین ترجیح دیتے ہوئے صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری لا کر عوام کو صحت بخش اور معیاری پانی مہیا کرنا ہے۔ ادارہ جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار نظام کو اپناتے ہوئے متعدد اقدامات کر رہا ہے تاکہ پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ واٹر کارپوریشن پُرعزم ہے کہ ہر شہری کو صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے تاکہ صحتِ عامہ میں بہتری لائی جا سکے اور شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے۔


