ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔
منتخب ارکان سے گورنر ہاؤس میں حلف ماورائے آئین قرار پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان 26 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ایرانی صدر کے دورہ اسلام آباد کی منتظر ہے۔
ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہدائے ایف آئی اے کی یادگار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے۔ انہوں نے قوانین و ضوابط میں فوری ترامیم، جدید ٹیکنالوجی اور مطلوبہ اسلحہ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو عوامی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔
محسن نقوی نے سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائی جائے، کریک ڈاؤن بے رحمانہ ہو اور ملک کو بدنام کرنے والے عناصر کو ہر صورت روکا جائے۔
انہوں نے ایئرپورٹس پر امیگریشن نظام کو شہریوں کے لیے آسان بنانے، فاسٹ ٹریک کاؤنٹرز قائم کرنے اور ایف آئی اے کے ٹریننگ نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے میں عملے کی کمی دور کرنے کے لیے منظور شدہ خالی اسامیوں پر فوری بھرتی کا حکم بھی دیا۔
