کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) نے تاجر برادری کی جانب سے مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف دی گئی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ پارٹی کے چیئرمین آفاق احمد نے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر بنایا گیا بجٹ معیشت کی تباہی کا سبب بن رہا ہے، اور تاجر برادری کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی خطرناک عمارتوں کے خلاف کارروائیاں جاری، 59 عمارتیں انتہائی مخدوش قرار
آفاق احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ معاشی پالیسیوں نے کاروباری طبقے کے لیے مسابقت کے تمام دروازے بند کر دیے ہیں، جبکہ عوام بجلی، گیس اور بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں ہڑتال ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے جس کے ذریعے حکومت کو عوامی غصے اور تجارتی طبقے کے مسائل سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال نہ صرف حکومتی پالیسیوں کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہوگی بلکہ تاجروں کو ملک بھر میں متحد کرنے کا ذریعہ بھی بنے گی۔ آفاق احمد نے واضح کیا کہ ان کی جماعت تاجر برادری کے ساتھ ہے اور ہڑتال کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

