آئی ایس پی آر کی جانب سے پاکستان کی سب سے بڑی اور ہمہ گیر سمر انٹرن شپ 2025 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جو ملک بھر کے 33 شہروں میں بیک وقت جاری ہے۔ انٹرن شپ میں ملک کی 150 سے زائد جامعات سے تعلق رکھنے والے 6,500 سے زائد طلبہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شریک ہیں۔
اس انٹرن شپ کا مقصد نوجوان نسل کو فکری، تخلیقی اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف علم و آگہی فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں قائدانہ صلاحیتوں سے بھی روشناس کرانا ہے۔ طلبہ کو مختلف شعبوں میں مہارت دلانے کے لیے لیکچرز، ورکشاپس، گروپ ایکٹیویٹیز اور رہنمائی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
طلبہ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور ہمارا عزم ہے کہ ہم ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہی پاکستان کا اصل سرمایہ ہے، جسے بہتر تربیت اور رہنمائی کے ذریعے قومی خدمت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
قائدانہ رہنمائی اور موضوعات:
انٹرن شپ کے دوران ملک کی ممتاز علمی، سماجی، عسکری اور صحافتی شخصیات طلبہ سے خطاب کریں گی اور انہیں مختلف موضوعات پر رہنمائی فراہم کریں گی جن میں
-
قومی سلامتی
-
میڈیا اور کمیونیکیشن
-
جدید ٹیکنالوجی
-
قیادت اور کردار سازی
-
سماجی ذمہ داریاں
شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق یہ سمر انٹرن شپ پروگرام نہ صرف تربیتی پہلو رکھتا ہے بلکہ طلبہ کو نیا وژن، نئی سوچ اور عملی تجربات فراہم کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ یہ اقدام پاک فوج کی جانب سے نوجوانوں کی فکری و عملی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ایک کامیاب کوشش ہے۔
