اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں جاری طوفانی اور موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ خراب موسم کے سبب 30 سے زائد ملکی و بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں، جس کے باعث سینکڑوں مسافروں کو شدید مشکلات اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق برٹش ایئرویز کی برطانیہ جانے والی پرواز بی کے 2160 تین گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی، جبکہ پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے 233 ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ نجی ایئرلائن کی کراچی جانے والی پرواز نے 1:35 کی بجائے 3:45 پر اڑان بھری، اور جدہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پرواز بھی مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکی۔
اسی طرح دبئی، دوحا، باکو، مسقط، ریاض، ابوظہبی اور ترکیہ جانے والی پروازیں بھی تاخیر سے دوچار ہوئیں۔ باکو کی پرواز جے 2-144 3:44 کے بجائے 4:27 پر روانہ ہوئی، اور مسقط جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے پانچ بجے روانہ کی گئی۔
صبح پانچ بجے روانہ ہونے والی کویت اور دبئی کی پروازیں تاحال روانہ نہیں ہو سکیں، جبکہ پی آئی اے کی دو اہم پروازیں پی کے 741 اور پی کے 451 بھی روانگی کی منتظر ہیں۔ نجی ایئرلائن کی پرواز ای آر 811، جو صبح 8 بجے روانہ ہونا تھی، اب رات 8 بجے روانہ ہوگی۔ دمام جانے والی صبح 9 بجے کی پرواز اب دوپہر 3 بجے روانہ ہونے کا امکان ہے۔
ایئرلائن حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئرپورٹ وقت پر پہنچیں اور سفر سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن یا فلائٹ انکوائری سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
