اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک و قوم کی حفاظت کے لیے غیر معمولی بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو سول ایوارڈز دینے کے لیے نامزدگیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 71 افراد کے لیے مختلف سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور جرأت و بہادری دکھانے والے غازیوں کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطن کی بے مثال خدمت کی، قوم ان کی ہمیشہ شکر گزار رہے گی۔ شہداء وطن ہمارے سر کا تاج ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ غازی قوم کے ہیرو ہیں، جن کی جرأت پر پوری قوم کو فخر ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، ڈپٹی ڈی جی آئی بی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹریز و سیکرٹریز داخلہ نے زوم کے ذریعے شرکت کی۔
