نئی نمبر پلیٹ اسکیم پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، سندھ توانائی، صحت، تجاوزات اور سیلاب سے متعلق عملی اقدامات کر رہا ہے: شرجیل انعام میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی نئی نمبر پلیٹ اسکیم کو لے کر جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے وہ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے، یہ اسکیم گاڑیوں کی رجسٹریشن کو جدید بنانے، جرائم اور گاڑیوں کی چوری روکنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا عدالتی جنگ کا اعلان، سندھ بلڈنگ اتھارٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا عندیہ

اتوار کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت عوام کی حقیقی شکایات سننے کو تیار ہے، تاہم فلاحی اقدامات پر سیاست ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے پاس ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کے لیے وافر وسائل موجود ہیں لیکن وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے صوبے کی توانائی ترقی کو شدید متاثر کیا ہے۔ اگر سندھ کو اس کے جائز وسائل اور اختیارات دیے جائیں تو یہاں توانائی کے شعبے میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ گزشتہ 6 سال میں تھر کول منصوبے سے 30 ملین ٹن کوئلہ آزاد پاور پروڈیوسرز (IPPs) کو فراہم کیا گیا، جس سے 31 گیگا واٹ بجلی پیدا ہوئی اور 30 لاکھ گھروں کو بجلی ملی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تھر کول کو ملکی و عالمی منڈی سے جوڑنے کے لیے 105 کلومیٹر ریلوے لائن پر کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں متبادل توانائی جیسے ونڈ اور سولر کے منصوبے بھی تیزی سے جاری ہیں، جن کے لیے 2.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ نوری آباد پاور پلانٹ سے کراچی کو 100 میگاواٹ بجلی دی جا رہی ہے، جبکہ صوبے کے مستحق صارفین کے 200 یونٹ بجلی کے بل بھی سندھ حکومت ادا کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد، منجھند، سکھر اور لاڑکانہ کے لیے نئے سولر پارکس کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے ونڈ اور سولر منصوبوں میں رکاوٹیں ختم کی جائیں اور مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں غیر قانونی تعمیرات اور خطرناک عمارتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے۔ سکھر میں 37 خطرناک عمارتوں کو نوٹس دیے گئے ہیں جبکہ کراچی، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں بھی جانچ جاری ہے۔

انہوں نے دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی اور بتایا کہ گڈو و سکھر بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کی اطلاعات ہیں۔ حساس مقامات کی نگرانی جاری ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں امدادی کیمپس فعال کر دیے گئے ہیں۔

مون سون بارشوں کے بعد صحت عامہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گیسٹرو، ڈائریا اور وائرل انفیکشن میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے پیشِ نظر سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی یونٹس فعال ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں موبائل میڈیکل یونٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ صاف پانی کا استعمال یقینی بنائیں اور ناقص خوراک سے پرہیز کریں۔

57 / 100 SEO Score

One thought on “نئی نمبر پلیٹ اسکیم پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، سندھ توانائی، صحت، تجاوزات اور سیلاب سے متعلق عملی اقدامات کر رہا ہے: شرجیل انعام میمن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!