کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی کی جانب سے شہر میں موجود مخدوش اور خطرناک عمارتوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کمیٹی وزیر بلدیات کی سربراہی میں کام کرے گی، جس میں چیئرمین سمیت کل 7 ارکان شامل ہوں گے۔ کمیٹی کے ارکان میں میئر کراچی، کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، آباد (ABAD)، پاکستان انجینئرنگ کونسل اور پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹ کے نمائندے شامل ہوں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو 15 روز کے اندر اپنی سفارشات مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمیٹی کراچی میں موجود خطرناک عمارتوں کی نشاندہی، ممکنہ خطرات کے تدارک، اور ان کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے طویل المدتی حکمت عملی تیار کرے گی۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، تاکہ حالیہ برسوں میں پیش آنے والے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پالیسی سازی اور قانونی اصلاحات بھی متوقع ہیں۔
