کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل کی بلال کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خطرناک بھتہ خور اور ڈکیت گینگ سے مقابلے کے بعد دو اہم ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان توحید اور دانش کا تعلق رشید عرف راجہ گینگ سے ہے جو شہر میں بھتہ خوری، فائرنگ، اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی (PPM، PSP) کے مطابق گزشتہ رات پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ملزمان کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ دونوں ملزمان رشید عرف راجہ کے شوٹر ہیں، جو اس سے قبل دربار مدینہ ہوٹل پر بھتے کے عدم ادائیگی پر فائرنگ میں بھی ملوث تھے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ اس واردات میں ایک خاتون، بچہ اور ایک شخص زخمی ہوا تھا، جبکہ ملزمان تاجروں، دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔
گرفتار گروہ کے قبضے سے ناظم آباد اور لیاقت آباد کے علاقوں سے چھنے ہوئے موبائل فون برآمد ہوئے جبکہ دوران ڈکیتی 125 موٹر سائیکل چھیننے کی CCTV فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ یہ 8 رکنی گروہ انتہائی خطرناک اور منظم جرائم پیشہ گروہ ہے، جن میں سے کچھ ملزمان پہلے سے جیل میں ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ملزمان سے بھتے کی پرچیاں، کال ریکارڈ اور فائرنگ کے شواہد بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
