آذربائیجان شام کو گیس فراہم کرے گا، توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اہم پیشرفت

باکو/دمشق: آذربائیجان نے شام کو قدرتی گیس برآمد کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ شام میں جاری توانائی بحران کے خاتمے میں مدد دی جا سکے۔ یہ اعلان آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور شامی صدر احمد الشرع کی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔

ایرانی وزیر خارجہ: آئی اے ای اے سے تعاون کی نوعیت بدلی ہے، یورینیم افزودگی پر سمجھوتہ ممکن نہیں

عرب میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کی باکو میں ہونے والی ملاقات کے دوران توانائی تعاون کو مرکزی حیثیت حاصل رہی۔ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ آذربائیجان شام کی توانائی ضروریات کے سلسلے میں بھرپور تعاون فراہم کرے گا، اور گیس کی فراہمی براستہ ترکیہ جلد شروع کی جائے گی۔

یاد رہے کہ شام میں کئی برسوں سے جاری خانہ جنگی اور اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے توانائی کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے، جس سے صنعتی پیداوار، گھریلو ضروریات اور بنیادی خدمات بُری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

مئی 2025 میں شام کے وزیر توانائی محمد البشیر نے انکشاف کیا تھا کہ شام اور ترکیہ کے درمیان قدرتی گیس کی فراہمی پر اتفاق ہو چکا ہے، اور یہ گیس شام کے شمالی علاقوں میں پائپ لائن کے ذریعے پہنچائی جائے گی۔

آذربائیجان نہ صرف ایک گیس سے مالا مال ملک ہے بلکہ ترکیہ کا قریبی اتحادی بھی ہے۔ ترکیہ اور آذربائیجان خطے میں سیاسی اور توانائی معاملات میں قریبی تعاون رکھتے ہیں، اور شام کے معاملے میں بھی دونوں کی رائے ہم آہنگ نظر آتی ہے۔

بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق آذربائیجان کی جانب سے شام کو گیس کی فراہمی نہ صرف شام کے داخلی استحکام میں معاون ہو گی بلکہ خطے میں ترکیہ کے اثر و رسوخ کو بھی مزید تقویت ملے گی۔

One thought on “آذربائیجان شام کو گیس فراہم کرے گا، توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اہم پیشرفت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!